سارہ فرگوسن ایپسٹین ای میل معاملہ میں کئی خیراتی اداروں کی سرپرستی سے برطرف

   

لندن، 23 ستمبر (یو این آئی) ڈچس آف یارک سارہ فرگوسن کو2011 کے ایک ای میل کے منظر عام پر آنے کے بعد کم از کم چار خیراتی اداروں نے بطور سرپرست یا سفیر ہٹا دیا ہے ۔ ای میل میں انہوں نے جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو اپنا ‘سپریم دوست’ قرار دیا تھا۔ جولیا ہاؤس نے جو بچوں کا ایک اسپتال ہے ، اس ادارے نے سب سے پہلے شہزادہ اینڈریوز کی سابقہ اہلیہ سارہ فرگوسن کو یہ کہتے ہوئے ہٹا دیا کہ انہیں عہدے پر رکھنا نامناسب ہے ۔ٹین ایج کینسر ٹرسٹ، نتاشا الرجی ریسرچ فاؤنڈیشن، چلڈرن لٹریسی چیریٹی، نیشنل فاؤنڈیشن فار ریٹائرڈ سروس اینیملز اور پریونٹ بریسٹ کینسر نے بھی اعلان کیا کہ انہوں نے ڈچس کو بطورسرپرست برطرف کر دیا ہے۔ برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن نے کہا کہ وہ اب اس کی سفیر نہیں رہیں۔ڈچس کے ترجمان نے کہا کہ وہ خیراتی اداروں کے اپنے ساتھ روابط ختم کرنے کے فیصلوں پر تبصرہ نہیں کر رہی ہیں۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب دو اخبارات نے ڈچس کی طرف سے ایپسٹین کو بھیجا گیا 2011 کا ایک ای میل شائع کیا، جو غالباً انہوں نے عوامی طور پر اس سے رابطہ منقطع کرنے کا دعویٰ کرنے کے بعد بھیجا تھا۔