ساری تلنگانہ ریاست پر صرف ایک ہی خاندان کی اجارہ داری

   

حضور نگر میں کانگریس امیدواراے پدماوتی کو کامیاب بنانے اتم کمار ریڈی کی اپیل

سوریا پیٹ۔/16 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان نلگنڈہ این اتم کمار ریڈی نے حضور نگر اسمبلی ضمنی انتخاب کے مختلف منڈلوں اور مواضعات میں انتخابی جلسوں اور روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس امیدوار اتم پدماوتی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے اس ضمنی انتخاب کو پارٹیوں کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ یہ عوام اور ٹی آر ایس حکومت کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست پر ایک خاندان کی اجارہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام روز بروز نت نئے مسائل کا شکار ہورہے ہیں لیکن کے سی آر اور حکومت خوش فہمی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو کے سی آر حکومت نے محض اپنی نااہلی کی وجہ سے مفلوج بنادیا ہے۔ کے سی آر عوامی تائید کے حصول کیلئے بلند بانگ دعوے اور وعدے کرکے فراموش کردیتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کو وعدہ فراموش نااہل حکمران قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ میں کانگریس کے دور حکومت میں انہوں نے کروڑہا روپئے کے ترقیاتی کام کئے ہیں جس کا بچہ سے لے کر بوڑھے تک ہر کوئی گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی نااہلی کی وجہ سے ریاست مسائل کے دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔ عوامی رقومات کا بغیر کسی منصوبہ بندی کے بے دریغ خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار سیدی ریڈی انتخاب کے قریب بیرون ملک سے آکر ہمدردی کا ناٹک کرتے ہوئے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ این اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس امیدوار اتم پدماوتی کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرتے ہوئے کے سی آر اور ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھائیں۔