٭ عثمان ساگر و حمایت ساگر کے دراوزے کھول دئے گئے ۔ پانی کا اخراج
٭ حسین ساگر جھیل بھی لبریز ۔ نشیبی علاقوں میں پانی چھوڑنے کا ہوا آغاز
٭ آصف آباد میں پانی عبور کرنے کی کوشش میںایک معمر شہری جان گنوا بیٹھا
٭ موسی ندی کے کناروں سے 55 خاندانوں کو محفوظ مقام منتقل کیا گیا
٭ پرانا پل کی 100 فیٹ روڈ بھی زیر آب ۔ موسی رام باغ برج بند کردیا گیا
٭ راجندر نگر او آر آر کی سرویس روڈ بند کردی گئی ۔ چادرگھاٹ کاز وے بھی بند
حیدرآباد 26 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مسلسل موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکیں مسدود ہوگئیں اور موسیٰ ندی کے کناروں پر آباد مکانوں میں پانی داخل ہونے کے نتیجہ میں 55مکانات کا تخلیہ کروایا جاچکا ہے جبکہ موسیٰ ندی کے کناروں پر آباد مکینوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ندی کے پانی میں تیز بہاؤ کے سلسلہ میں متنبہ کیا جانے لگا ہے۔ ضلع آصف آباد میں سیلاب کے پانی کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران ایک قبائیلی بزرگ کی موت ہوگئی۔شہر کے اطراف واکناف میں تیز رفتار بارشوں سے حمایت ساگر و عثمان ساگر کے دروازوں کو کھول کر پانی خارج کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں آؤٹر رنگ روڈ کے نیچے گذرنے والی سڑک پر پانی جمع ہوگیا جس کے بعد اس راستہ کو مسدود کردیا گیا جبکہ پرانے پل سے متوازی 100 فیٹ کی سڑک جو کہ کاروان پہنچتی ہے اس سڑک پر بھی ندی کا پانی پہنچنے پر اسے بھی بند کردیا گیا ہے ۔ موسیٰ رام باغ برج جو موسیٰ ندی پر تعمیر کیاگیا اس کے اوپر سے پانی کا بہاؤ ہونے کے سبب اسے بھی عوام کیلئے بند کردیاگیا ۔ چادرگھاٹ کے مختلف علاقوں میںجو کہ نشیبی علاقوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور رود موسیٰ کے کنارے ہیں ان کے مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ حیدرآبادو سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں صبح سے ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور بعض مقامات پر وقفہ وقفہ سے انتہائی تیز موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی لیکن شہر کے کسی بھی مقام پر بارش کے نتیجہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع ل نہیں ہے جبکہ حسین ساگر جھیل کی سطح آب مکمل ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے جس کے نتیجہ میں حسین ساگر سے بھی مسلسل پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے جہاں پر اشوک نگر نالہ میںحسین ساگر پانی کو خارج کیا جا رہاہے ان نشیبی علاقوں کے مکینوں کو چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ۔ نواحی علاقہ منی کنڈہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوںمائیکرو سافٹ ‘ وپرو کے علاوہ آئی ایس بی کے قریب وپرو تالاب کے بہاؤ میں تیزی کے نتیجہ میں مائیکرو سافٹ اور آئی ایس بی کے درمیان دیوار کو نقصان پہنچا جس کے نتیجہ میں وپرو سرکل پر تالاب کا پانی پہنچنے کے سبب ٹریفک گھنٹوں متاثر رہی ۔سائبر آباد پولیس نے بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر آئی ٹی کمپنیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ آئندہ دو یوم ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دیں تاکہ موسلادھار بارش پر کسی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ بارش اور حمایت ساگر و عثمان ساگر دروازوں کوکھولے جانے کے نتیجہ میں رود موسیٰ کے بہاؤ میں شدت کے نتیجہ میں ندی کے کناروں پر آباد 55خاندانوں کو کمشنر بلدیہ آروی کرنن کی نگرانی میں گھوڑے کی قبر کمیونٹی ہال منتقل کیا گیا ۔ اس کے علاوہ شنکر نگر اور دوسری بستیوں کے عوام کو بھی محفوظ مقامات کو منتقل کرکے وہیں رہائش و طعام کے انتظامات کئے گئے ۔ موسی ندی میںپانی کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے ٹریفک پولیس نے چادر گھاٹ کاز وے کو بھی بند کردیا ہے ۔ بارش سے کوٹھی میں ای این ٹی ہاسپٹل میں پانی جمع ہونے پر مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ای این ٹی دواخانہ میں پانی ابلنے کی گذشتہ کئی دنوں سے شکایات تھیں لیکن آج مسلسل بارش پر دواخانہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کے بعد پانی کی گذرگاہ جو بند کی جاچکی تھی اسے کھول دیاگیا تاکہ مسئلہ کو حل کیا جاسکے ۔ شہر میں نوراتری تقاریب بھی بارش کے سبب متاثر ہوئیں اور بتکماں کی جو تقاریب منعقد ہونی تھیں ان کو منسوخ کرنا پڑا جس میں بتکماں کنٹہ والا پروگرام میں شامل ہے جس میں چیف منسٹر شرکت کرنے والے تھے ۔3