کولکتہ 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے ملک بھر میں این آر سی کے نفاذ کیلئے 2024 کی مہلت کے تعین کے ایک دن بعد چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا کہ این آر سی در اصل بی جے پی کا سیاسی پروپگنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھر میں این آر سی کا نفاذ کبھی حقیقت نہیں بن سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں رہنے والے تمام افراد یہاں کے قانونی شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک بھر میں این آر سی کا نفاذ ہوتا ہے تو یہ بہت بڑی غلطی ہوگی کیونکہ ملک بھر میں اس کی مخالفت ہوگی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بنگال میں این آر سی کے نفاذ کی اجازت نہیں دینگے ۔ ایسا بنگال میں کبھی نہیں ہوگا ۔ آپ ذات یا مذہب کی بنیاد پر این آر سی لاگو نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی بی جے پی کا سیاسی پروپگنڈہ ہے اور ایسا حقیقت کبھی نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس پر سیاسی پروپگنڈہ میں مصروف ہے لیکن ہمیں اس کے جال میں نہیں پھنسنا چاہئے ۔ اس ملک میں رہنے والے تمام لوگ یہاں کے قانونی شہری ہیں اور کوئی بھی ان کی شہریت نہیں چھین سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف سیاسی بنیاد پر این آر سی کی مخالفت نہیں کر رہی ہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر مرکزی حکومت کے اس اقدام کی مخالفت کر رہی ہیں اور کرتی رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص برسوں سے اس ملک میں مقیم ہے تو اسے کسط رح اچانک بیرونی شہری قرار دیا جاسکتا ہے ۔
