سارے ملک میں تلنگانہ کے بافندوں کی خصوصی شناخت

   

ملبوسات کی فروخت کیلئے فیشن شو کا اہتمام ، یوم قومی ہینڈلوم کے موقع پر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگسٹ ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ بافندوں کو سارے ملک میں سب سے زیادہ شناخت تلنگانہ میں حاصل ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر بافندوں کی ترقی و بہبود کیلئے جو کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ( نیشنل ہینڈلوم ڈے ) کے موقع پر پپلز پلازا پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سال 2018 سے کونڈا لکشمن باپوجی کے نام سے بافندوں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان میں ایوارڈس تقسیم کئے جارہے ہیں اور 25 ہزار روپئے نقد رقم دی جارہی ہے ۔ ہر سال بافندوں کے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ای کامرس کے تحت گولکنڈہ پورٹل تیار کیا گیا ہے ۔ جس کے ذریعہ بافندوں کی تیار کردہ اشیاء فروخت کی جارہی ہے ۔ گزشتہ 4 سال سے ہماری تہذیب کو فروغ دینے کیلئے نئے نئے ڈئزائن کے کپڑے تیار کئے جارہے ہیں فیشن شو کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ کپڑوں کی تیاری کیلئے بافندوں کو اشیاء 50 فیصد سبسیڈی پر فراہم کی جارہی ہے ۔ حکومت بافندوں کی ترقی و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔