سارے ملک میں فلاحی اسکیمات کا مرکز تلنگانہ

   

ستوپلی میں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد: ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک میں فلاحی اسکیمات کا ریاست تلنگانہ حقیقی مرکز ہے۔ آج ضلع کھمم کے ستوپلی میں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ رکن اسمبلی وینکٹ ویریا کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر غریب عوام کو مؤثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں۔ کے سی آر کٹس اسکیم متعارف کرانے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں زچگیوں کا تناسب 30 فیصد سے بڑھ کر 52 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر ڈائیلاسیس کا مرکز اور آئی سی یو وارڈس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ضلع کھمم میں 10 لاکھ کلیان لکشمی چیکس تقسیم کئے گئے ہیں۔ تھیلسما مریضوں کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ تمام اہل افراد کو بوسٹر دیئے جائیں گے۔ ستوپلی میں کورونا کے سیکنڈ ڈوز 100 فیصد مکمل ہوگئے ہیں۔ رکن اسمبلی وینکٹ ویریا نے ستوپلی اسمبلی حلقہ کے دو ہاسپٹلس کی خستہ حالت کی نشاندہی کرائی۔ ان ہاسپٹلس کی مرمت کی جائے گی یا نئی عمارتیں تعمیر کی جائے گی۔ وینکٹ ویریا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے فوری بعد چیف منسٹر نے ستوپلی میں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کرنے کی منظوری دی جس کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس پر 34 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ 1.25 کروڑ روپئے کے مصارف سے تلنگانہ ڈائگناسٹک سنٹر 1.78 کروڑ روپئے کے مصارف سے ریڈیالوجی لیاب منظور کرنے کا اعلان کیا۔ وزیرصحت نے کہا کہ مدھیرا میں کل ہی 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا۔ن