بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل کا کروڑہا روپیوں کے برقی بل کا بقایا
نئی دہلی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کے دن پارلیمان کو اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ فنڈز کی قلت کا شکار بھارت سنچار نگم کمپنی (بی ایس این ایل) کے برقی بلوں کی عدم ادائیگی کے سبب ایک ہزار سے زائد موبائل ٹاورز اور 500 ٹیلی فون ایکسچینج غیر کارکرد ہوئے ہیں۔ مرکزی وزیر مواصلات روی شنکر پرساد نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں بتایا کہ مذکورہ دونوں سرکاری کمپنیوں، بی ایس این ایل اور مہانگر ٹیلی فون نگم کے احیا کا ایک جامع منصوبہ زیر تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات نے اپنی کارروائی شروع کردی ہے۔ بی ایس این ایل کے معاملے میں اس کے غیر کارکرد موبائل ٹاورز اور ٹیلی فون ایکسچینجوں کی تعداد برقی بلوں کی عدم ادائیگی کے سبب بالترتیب 1083 اور 524 تک پہنچ چکی ہے۔ جو مختلف علاقوں مںی واقع ہیں۔ جہاں بی ایس این ایل کے صارفین کی مارکٹ پر چھاجانے میں چارج 2017ء اور مارچ 2019ء کے دوران معمولی اضافہ ہوا ہے۔ وہیں مہانگر ٹیلی فون نگم کے مارکٹ کے حصے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2018-19ء میں بی ایس این ایل کے صارفین کی تعداد دو زمرہ جات میں 53.64 لاکھ اور 28.27 لاکھ رہی ہے۔ وہیں مہانگر ٹیلی فون نگم کی تعداد بالترتیب 10.195 لاکھ اور 1.35 لاکھ پائی گئی۔ یہ دونوں مواصلاتی کمپنیاں مالی سال 2009-10 سے مالی خسارے کا شکار ہیں۔