جرائم پیشہ افراد کو قائدین پر مسلط کرنے کا الزام
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کل رات لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو اپنے ملک کو دلدل سے نکالنا ہے جس میں ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور اس ملک کے بڑے بڑے جرائم پیشہ لوگوں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ عمران خان کو جیتنے نہیں دینا اور اقتدار میں نہیں آنے دینا ہے، لیکن یہ بتائیں کیا آپ کے پاس ملک کو اس تباہی سے نکالنے کا کوئی پروگرام ہے ، کیا کوئی روڈ میپ ہے ۔عمران خان نے کہا کہ انہیں پتہ ہے حکومت کے پاس کوئی روڈمیپ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ آج اقتدار میں بیٹھے ہیں ان کو یہ پیغام دیا جانا چاہیے کہ لوگوں کا جنون رکاوٹوں سے نہیں رک سکتا، کنٹینرز نہیں روک سکتے ، آپ نے جلسہ ناکام بنانے کیلئے ہمارے دو ہزار کارکنوں کو جیل میں ڈال دیا لیکن جب اللہ لوگوں کے دلوں میں ایک سوچ ڈال دیتا ہے تو کوئی کنٹینر، کوئی پولیس اور کوئی رینجرز ان کو نہیں روک سکتی۔