حیدرآباد 20 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر میں سالار جنگ میوزیم کی جانب سے کل اتوار کو پانچ نئی گیلریز کے افتتاح کی تیاریاںکرلی گئی ہیں۔ ان میں نئی تیار کی گئی چراغ اور جھومروں کی گیلری بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ تزئین نو کردہ یوروپین ماربل گیلری ‘ یوروپین برانز گیلری ‘ ہندوستانی سنگ تراشی گیلری اور بیدری وئیر کی گیلری شامل ہیں۔ یوروپین ماربل و برانز گیلریز پہلے گراونڈ فلور پر موجود تھیں ۔ ان میں تقریبا 100 برانز کے مجسمے اور 50 ماربل سنگراشی کے نمونے موجود ہیں جو اب دوسرے فلور پر ویسٹرن بلاک کو منتقل کردئے گئے ہیں ۔ بہترین ڈیزائینس کیلئے معروف بیدری وئیر گیلری اور ہندوستانی سنگ تراشی کی گیلری میں دوسری صدی قبل مسیح کے فنکاری کے نمونے بھی موجود ہیں اور یہ سنٹرل بلاک میں موجود ہیں۔ ان دونوں گیلریز میں بھی تزئین نو کے کام کئے گئے ہیں اور بہتر پیشکش کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ چراغ و جھومر گیلری میوزیم میں نیا اضافہ ہوگی ۔ یہ ویسٹرن بلاک میں دوسرے فلور پر واقع ہے اور اس میں انگلش و بلجیم کے جھومر وغیرہ موجود رہیں گے جنہیں پہلے محفوظ کلکشن میں رکھا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ ان گیلریز کا مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئیگا۔