حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کا تاریخی سالار جنگ میوزیم جو کورونا وائرس لاک ڈاون کی وجہ سے اب تک بند رکھا گیا تھا اب دوبارہ منگل 10 نومبر سے عوام کیلئے کھول دیا جائیگا ۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ میوزیم کو عوام کیلئے کھولتے ہوئے کورونا وائرس سے بچنے کے تمام تر احتیاطی اقدامات اختیار کئے جائیں گے ۔ ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے میوزیم نے مطلع کیا ہے کہ سالار جنگ میوزیم آنے والوں کے درجہ حرارت کی اسکریننگ کی جائے گی ۔ انہیں چہرے پر ماسک لگانا ہوگا اور یہ لازمی ہوگا ۔ میوزیم آنے والے سیاحوں کو ایک دوسرے سے کم از کم چھ فیٹ کی سماجی دوری اختیار کرنی ہوگی ۔ اس کے علاوہ معمر شہریوں ‘ دیگر عوارض کا شکار افراد ‘ حاملہ خواتین ‘ کمسن بچوں اور شیر خوار بچوں کو میوزیم آنے سے گریز کا مشورہ بھی دیا گیا ہے ۔