سالار جنگ میوزیم کے نوادرات کی آن لائن مشاہدہ کی سہولت

   

گوگل آرٹس اینڈ کلچر پر پیش ، دنیا بھر میں میوزیم کو منفرد مقام
حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) سالا جنگ میوزیم میں موجود نوادرات اور اشیاء کا مشاہدہ کرنے کے لئے اب میوزیم کو جانا ضروری نہیں ہے بلکہ شائقین دنیا کے کسی بھی مقام سے میوزیم کی آن لائن تفریح کرسکتے ہیں اور میوزیم میں موجود نوادرات کے علاوہ ان کی اہمیت اور تاریخ کے متعلق آگہی حاصل کرسکتے ہیں۔شہر حیدرآباد میں موجود عالمی شہر ت یافتہ قومی میوزیم کو انتظامیہ نے اب آن لائن کردیا ہے اور اب یہ میوزیم گوگل آرٹس اینڈ کلچر کے پلیٹ فارم پر عوامی مشاہدہ کے لئے دستیاب ہے ۔ سالار جنگ میوزیم کو آن لائن کرتے ہوئے دنیا بھر کے شائقین تاریخ و تہذیب کے علاوہ نوادرات کے متعلق آگہی حاصل کرنے والوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنے کے متعلق اقدامات کے متعلق کہا جارہا تھااور اب یہ عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔گوگل آرٹس اینڈ کلچر پر پیش کئے جانے والے سالاجنگ میوزیم کی انتہائی قیمتی اشیاء میں نوادرات‘ بالخصوص قلمی فن پارے‘ پوٹریٹس ‘ دکنی آرٹ ‘ تلواریں ‘ خوشحالی کے دورکی یادگاروں کے علاوہ دیگر اشیاء کو پیش کیا گیا ہے ۔دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک بالخصوص مغربی ممالک کے میوزیم کو آن لائن کیا جاتا رہا ہے اور ہندستان میں انڈین میوزیم کے بعد اب سالارجنگ میوزیم کو آن لائن کیا گیا ہے جو کہ قابل قدر کارنامہ ہے۔ماہرین تاریخ و تہذیب کا کہناہے کہ میوزیم کا تفصیلی مشاہدہ ایک وقت میں کیا جانا ممکن نہیں ہوتا اور شائقین میوزیم میں موجود تاریخی اشیاء کی تاریخ کا تفصیلی جائزہ نہیں لے پاتے لیکن آن لائن کئے جانے سے جو سہولت حاصل ہوگی اس کے بعد اہل ذوق اپنی سہولت اور انہیں درکار معلومات کے لئے آن لائن ہی یہ تمام تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں اور انہیں بار بار میوزیم کا دورہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔میوزیم میں موجود نوادرات اور قلمی فن پاروں کے علاوہ مخطوطات کو آن لائن کئے جانے کے بعد اب محققین کو بھی سہولت حاصل ہوگی اور وہ انہیں درکار تحقیقی مواد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بعد تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں علاوہ ازیں اپنی سہولت سے اس کا مشاہدہ بھی کرسکتے ہیں۔م