حیدرآباد ۔ ساؤتھ سوپر اسٹار پربھاس کی فلم آدی پورش نے لوگوں کوکافی مایوس کیا ہے۔ پربھاس کے مداحوں کو اس فلم سے کافی امیدیں وابستہ تھیں۔ مایوسی کے بعد اپنے مداحوں کو خوش کرنے کے لیے پربھاس اپنی آنے والی فلم سالارکا ٹیزر لے کر آئے ہیں۔ فلم سالار کا ٹیزر جاری کردیاگیا ہے۔ اس فلم کو پرشانت نیل نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ ہدایت کار نے پربھاس کو ایک نئے اوتار میں سب کے سامنے پیش کیا ہے۔ ایک منٹ 40 سیکنڈ کے ٹیزر سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سالار ایک ایکشن سے بھرپور فلم ہوگی۔ جہاں پربھاس ایکشن کرتے نظر آئیں گے۔ لوگ سالارکے متعلق بہت پرجوش ہیں۔ پربھاس کا ایکشن انداز کافی متاثر کررہا ہے۔ ریلیز ہوتے ہی یہ ٹیزر سرخیوں کا حصہ بن گیا ہے۔ ساتھ ہی اس ٹیزر میں کے جی ایف کے ساتھ ایک خاص تعلق دکھایاگیا ہے۔ فلم کے بنانے والوں نے اس ٹیزرکو ریلیزکرنے کے لیے صبح5:12 بجے کا وقت منتخب کیا۔ اس وقت کے پیچھے ایک تعلق یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ کے جی ایف میں اس وقت توجہ مرکوزکی جاتی ہے جب راکی سمندر میں ڈوب جاتا ہے۔ اس وقت بھی 5:12 منٹ ہو رہے ہیں۔ دونوں فلموں کا یہ تعلق لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رہا ہے۔ پربھاس کی اس فلم کو پہلا حصہ قراردیا جا رہا ہے۔ بنانے والوں نے اسے سالار: سیز فائرکا نام دیا ہے۔ فلم 28 ستمبرکو کئی زبانوں میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ٹیزر کے آغاز میں مشہور ہدایت کار اور اداکار ٹینوآنند نظرآرہے ہیں۔ جو کہہ رہے ہیں کہ ٹائیگر، چیتا، ہاتھی بہت خطرناک ہیں لیکن جراسک پارک میں نہیں۔ جس کے بعد پربھاس کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔ لوگ پرتھوی راج کے اندازکو بھی پسند کر رہے ہیں۔ پرشانت نیل کی فلم سالار میں پربھاس کے علاوہ شروتی ہاسن، پرتھوانی راج سوکمرن اور جگپتی بابو بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔