سالانہ امتحانات سے قبل تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی مذمت

   

کوویڈ قواعد کو ملحوظ رکھتے ہوئے تعلیمی داروں کو جاری رکھنے کا مطالبہ : ایم اے حکیم نوید

ورنگل :آل انڈیا اسٹوڈنٹ بلاک ( AISB) ضلع ورنگل کا ایک اہم اجلاس پوچما میدان ورنگل میں منعقد ہوا ۔ضلع سکریٹری ایم اے حکیم نوید نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر حکیم نوید نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں تلنگانہ حکومت نے کورونا وباء کا نام لیکر جو تعلیمی اداروں کو بندکرنے کا اعلان کیا ہے وہ ٹھیک نہیں ہے ۔ حکومت کے اس طرح کے فیصلہ سے تعلیمی ادارے بند ہونے کے علاوہ طلباء کوتعلیم سے متعلق کافی نقصان ہورہا ہے اور دوسری جانب اولیائے طلباء بھی اس سلسلے میں پریشان ہورہے ہیں ۔انہوںنے حکومت سے استفسار کیا کہ تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے کے سبب کورونا میں اضافہ ہورہا ہے کہنے والی حکومت بارس ،وائن شاپس پر کیوں پابندی عائد نہیں کی جارہی ہے ؟ انہوںنے کہا کہ حکومت بارشاپس اور وائن شاپس کو بند نہ کرنے سے ا یسا سمجھ میں آرہا ہے کہ حکومت کو وائنس شاپس سے جنتی محبت ہے ویسی تعلیمی اداروں پر نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیمی ادارے بند رکھنے سے کورونا بیماری کا خاتمہ نہیں ہوگا ۔آئی سی ایم آر کی جانب سے بتائے گئے مشوروں پراگر ہر ایک شخص عمل کرے تو کورونا کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ سالانہ امتحانات کے عین قبل اس طرح کا اقدام طلباء کو پریشانی کا باعث ہے ۔انٹر ،ڈگری ،کے علاوہ پالی ٹکنک کے امتحانات کا شیڈول جاری کرنے پر طلباء دن رات امتحانات کی تیاری کی ہے ۔اچانک تعلیمی ادارے اور امتحانات ملتوی کرنے کے سبب طلباء کے ساتھ ساتھ اولیائے طلباء کو بھی پریشانی کا شکار ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل آوری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔اس اجلاس میں اے آئی ایس بی قائدین پنڈیالہ ستیش ،مجید ،فیضان ،روہت ،سبھاش ،ایوب ،مہیش ،مکرم اور دیگر موجود تھے ۔