سالانہ جلسہ و استقبال رمضان المبارک

   

یلاریڈی /5 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈئ مستقر کی معروف و قدیم دینی درسگاہ مدرسہ انوار العلوم عباسیہ ملحقہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کا سالانہ جلسہ 7 فروری بروز جمعہ بعد نمازعشاء مدرسہ احاطہ میں شاندار طریقے سے منایا جارہا ہے ۔ جلسہ کی صدارت مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری بانی و ناظم مدرسہ عربیہ انوار العلوم و معتمد مجلس اشاعت العلوم جامعہ نظامیہ کریں گے اور نگرانی جناب شیخ غیاث الدین صدر انتظامی مدرسہ ہذا کی رہے گی ۔ جلسہ سے خطاب کرنے والے مہمان خصوصی مفسر قرآن حضرت علامہ و مولانا محمد محی الدین قادری محمدی ، کامل جامعہ نظامیہ و خازن انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ حیدرآباد ، مفتی و حافظ جناب سید شاہ انواراللہ قادری ، فائز نظامی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ و امام مسجد حج ہاوز حیدڑآباد تشریف لارہے ہیں۔ خطبہ استقبالیہ و تعلیمی رپورٹ حافظ و قاری محمد ریاست علی رضوی صدر معلم مدرسہ ہذا پیش کریں گے ۔ جناب مفتی سید خلیل اللہ قادری کامل جامعہ نظامیہ جلسہ سے خطاب کرنے دینی تعلیم کی اہمیت کی تشریح کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد احمد رضا کی قرات کلام پاک ہوگا ۔ حمد باری تعالی محمد عامر رضا سنائیں گے ۔ بارگاہ رسالت ماب ﷺ میں نعت کا نذرانہ محمد واجد الدین اور سفیان رضا پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ جلسہ کی نظامت جناب خواجہ قطب الدین صابر گلشنی انجام دیں گے ۔ عامتہ المسلمین سے کثرت کے ساتھ شرکت کی گذارش کی جاتی ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے ان نمبرات 9440288473/ 9949333186 پر ربط پیدا کریں ۔

ماہ شعبان المعظم خاتم النبیینؐ کا مہینہ اور رمضان المعظم امت محمدیہؐ کامہینہ
روزہ تزکیہ نفس اورروح کی تطہیرکا اہم ذریعہ دینی اجتماع سے مولانامحمدمحسن پاشاہ کا خطاب

محبوب نگر5؍فبروری(بذریعہ میل ) رجب المرجب اللہ جل مجدہ کا مہینہ تو شعبان المعظم خاتم النبیین رحمۃ اللعٰلمین حضور اکرم ؐ کا مہینہ ہے تو آنے والا ماہ مقدس رمضان المعظم امت محمدیہؐ کا مہینہ ہے، چونکہ امام الانبیاء والمرسلین حضرت سیدنا محمدرسول اللہؐ کو رجب المرجب کی 26/تاریخ کو معراج النبیؐ میں پچاس نمازوں سے پانچ نمازوں کا تحفہ حضرت سیدنا موسیٰ کلیم اللہ علیہ السلام کی وساطت سے بارگاہ خداوندی میں بار بار معروضہء مصطفویؐ قبولیت دوام کو پہونچا اس ماہ مقدس کی چودہ شعبان المعظم کو پندرہویں شب میں شب براء ت ہے جس میں آنے والے سال کے بندگان خدا کے تمام فیصلے طئے کئے جاتے ہیں اور ماہ صیام المبارک میں مسلمانوں کے تیس روزے فرض کئے گئے ہیں جس میں قرآن حکیم کا نزول ہوا اور ایک طاق رات شب قدر عطا ہوئی جو آخری عشرہ کی پانچ راتوں میں اسے تلاش کرنے کا حکم و ارشاد خداوندی ہوا ہے ۔اس امر کاانکشاف بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ جنوبی بھارت کے ممتاز عالم دین و نامور سینیئر صحافی اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ نے آج مسجد ہاجرہ خمیس با شواعر جان محمدکنٹہ،مکہ مسجد محبوب نگر میں اپنے سالانہ خطاب میں مسلمانوں کے ایک بڑے اجتماع سے مخاطبت میں کیا،سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے امت محمدیہ و ملت اسلامیہ کے درد مندوں سے انہوں نے اپیل بھی کی کہ مسلمان زکواۃ و صدقات کے مال کو مستحقین میں تقسیم کرنے کے لئے سب سے پہلے اپنے خاندان کے افراد کا تعین کرتے ہوئے خاص خیال رکھیں ۔زکوۃ و صدقات کا مال گھروں و بینکوں میں ذخیرہ اندوزی نہ کریں ورنہ قیامت میں آگ کا طوق بناکر گلے میں اور سارے جسم میں ڈالا جائے گا،زکوۃ وصدقات کی ادائیگی وقت مقررہ پر کرنا ملت کو ناگزیر ہے چونکہ قرآن حکیم اور احادیث نبویؐ میں زکوۃ وصدقات کو مال کے میل سے تعبیر کیا گیا ہے جس طرح ناپاک جسم کو پانی سے ہی صاف کیا جاسکتا ہے اسی طرح زکوۃ کو مستحقین میں ادا کرکے اس میل کا استخراج کیا جاسکتا ہے ۔اس موقعہ پر حضرت مولانا حافظ محمد چاند پاشاہ نقشبندی بانی مدرسہء عربیہ رحمت العلوم ملحقہ جامعہ نظامیہ، جناب محمد کریم الدین چشتی قادری،مولانا حافظ محمد ندیم راہی قادری صدر مدرس مدرسہ عربیہ رحمت العلوم و دیگر حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔