سالانہ 72,000 روپئے آمدنی کا وعدہ محض جھوٹا اعلان : ارون جیٹلی

   

نئی دہلی 25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے ملک میں غریب خاندانوں کو سالانہ 72,000 روپئے دینے کانگریس صدر راہول گاندھی کے اعلان کو ایک اور جھوٹا اعلان قرار دیا اور کہا کہ یہ غریبوں کو دھوکہ دینے کانگریس کی ایک اور کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پہلے ہی سے اس سے دیڑھ گنا رقم فراہم کر رہی ہے ۔ وزیر فینانس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی تاریخ رہی ہے کہ وہ عوام کو دھوکہ دیتی رہی ہے اور وہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے کافی کم وسائل خرچ کئے ہیں۔ وہ غربت کے خاتمہ کیلئے بھی عوام گمراہ کرتی رہی ہے اور صرف وعدے کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف نعروں اور بیانات سے غربت ختم نہیں ہوگی ۔ وسائل فراہم کرنے سے ایسا ہوسکتا ہے جو کام مودی حکومت نے کیا ہے ۔ وہ غریبوں کو مکانات فراہم کررہی ہے ۔ گیس کنکشن دئے جا رہے ہیں۔ سڑکیں ڈالی جا رہی ہیں۔ کانگریس نے صرف عوام سے دھوکہ کیا ہے اور وہ ایک بار پھر ایسا کرنا چاہتی ہے لیکن لوگ اس جال میں نہیں پھنسیں گے ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ راہول گاندھی نے اس اسکیم کی تفصیل نہیں بتائی ہے اور ان کی پارٹی کے قائدین کا کہنا ہے کہ اس سے اقتصادی صورتحال متاثر نہیں ہوگی ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صرف موجودہ اسکیمات کی ہی شکل اور ہئیت بدل دی جائے گی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ مودی حکومت کی جانب سے پہلے ہی غریب خاندانوں کو 5.34 لاکھ روپئے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ یہ صرف ایک جھوٹا اعلان ہے ۔