ضلع بھر میں گاڑیوں کی سخت جانچ اور ڈرنک اینڈ ڈرائیو چیکنگ : ضلع ایس پی تانڈور
تانڈور۔31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نئے سال کی تقریبات کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے مقصد سے ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرا، IPS کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں تمام پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں وسیع پیمانے پر گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔اس موقع پر ضلع ایس پی نے بتایا کہ عوام کو محفوظ ماحول میں تہوار منانے کے لیے ضلع کے ہر پولیس اسٹیشن کی حدود میں گاڑیوں کی جانچ کی گئی۔ ان پیشگی جانچوں کے دوران ضلع بھر میں کل 1895 گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی، جن میں سے درست دستاویزات نہ ہونے اور نمبر پلیٹس درست نہ ہونے کی وجہ سے 72 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔خاص طور پر سڑکوں کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی گئی ڈرنک اینڈ ڈرائیو جانچ کے دوران شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے والے 102 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ سابقہ مجرموں اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 185 افراد کی فنگر پرنٹ ڈیوائس کے ذریعے جانچ کر کے ان کے سابقہ ریکارڈ کی تصدیق کی گئی۔نئے سال کی تقریبات کے انعقاد سے متعلق واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ضلع ایس پی نے کہا کہ ضلع میں کسی بھی صورت میں ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کی اجازت نہیں ہے۔ تقریبات منعقد کرنے والے منتظمین کو لازمی طور پر متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنی ہوگی اور حکومت کی جانب سے مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔ عوامی مقامات پر شراب نوشی، غیر شائستہ رویہ اختیار کرنے یا تیز رفتاری سے گاڑیاں چلا کر عوام کو پریشان کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس قواعد و ضوابط میں تعاون کرتے ہوئے نئے سال کی تقریبات پْرامن طریقے سے منائیں۔
