مانچسٹر، 13 ستمبر (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کا میچ تاریخی اور ریکارڈ توڑ مقابلے میں تبدیل ہو گیا، جہاں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہوئی، کئی ناقابلِ فراموش لمحے درج ہوئے اور ریکارڈز ٹوٹتے رہے۔ فل سالٹ اور جوس بٹلر نے شاندار اوپننگ کے ساتھ ابتدا ہی سے افریقی گیند بازوں کی اچھی خبر لی۔ میزبان انگلینڈ نے جمعہ کی رات 304/2 بنائے ، جو کہ مینس ٹی 20 بین الاقوامی مقابلوں میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے اور ساتھ ہی انگلینڈ کا بھی بہترین ٹی 20 اسکور ہے۔ ٹسٹ ٹیموں میں انگلینڈ نے اکتوبر 2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کے 297/6 کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اتنے مشکل ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے پاس ابتدا سے ہی جارحانہ بلے بازی کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، لیکن ان کی اننگز 158 رنز پر سمٹ گئی۔ 146 رنز کے فرق سے جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز 1-1سے برابر کر دی۔ فیصلہ کن مقابلہ اتوار 14 ستمبر کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے پاور پلے میں ہی 100 رنز مکمل کر لیے ، جبکہ اوپننگ جوڑی نے صرف 47 گیندوں پر 126 رنز جوڑے۔ سالٹ نے اپنے کریئر کی یادگار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 60 گیندوں پر 141 ناٹ آؤٹ رنز بنائے ، جو کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں کسی انگلش بیاٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے ۔ ان کی سنچری صرف 39 گیندوں میں مکمل ہوئی، جو کسی انگلش بلے باز کی اب تک کی تیز ترین سنچری ہے۔ بٹلر نے بھی 18گیندوں پر نصف سنچری بنا کر زبردست کردار ادا کیا، جو کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کی جانب سے تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے ۔