نیم عریاں رقص کیلئے اصرار، رقم کے مسئلہ پر بحث و تکرار
حیدرآباد۔/26 فبروری، ( سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ میں سالگرہ تقریب کے دوران خاتون ڈانسروں کو مبینہ ہراسانی اور مار پیٹ کا واقعہ پیش آیا۔راجندر نگر کے حدود میں ہوئی اس سالگرہ تقریب کا تنازعہ شہر میں ہلچل کا سبب بن گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایونٹ آرگنائزر اور ڈانسر کے درمیان ہوئی بحث و تکرار تنازعہ کا سبب بن گئی اور ڈانسر نے پولیس کا رُخ کیا ۔ ذرائع کے مطابق راجندر نگر کے علاقہ میں ایک سالگرہ تقریب منعقد کی گئی اور اس پارٹی کی تیاری کی ذمہ داری میزبانوں نے ایونٹ آرگنائزر کو دی ۔ اس پارٹی میں ناچ گانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور خاتون ڈانسروں کو طلب کیا گیا تھا۔ رات دیر گئے شراب کا نشہ سر چڑھنے کے بعد ایونٹ آرگنائزر نے ڈانسر کو ناچنے کیلئے مجبور کیا اور شدید ہراسا ں کیا۔ نشہ میں دھت آرگنائزر س نے خاتون ڈانسرس کو ناچنے کیلئے اصرار کیا اور شدید ہراساں خاتون ڈانسرس کی جانب سے انکار پر ان آرگنائزرس نے چاقوؤں کے ذریعہ ان ڈانسرس کو دھمکایا اور اذیت پہنچائی۔ تاہم خاتون ڈانسرس ان آرگنائزرس کے چنگل سے آزاد ہونے میں کامیاب ہوگئیں اور پولیس اسٹیشن کا رُخ کرتے ہوئے شکایت درج کروائی۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر ڈیویژن مسٹر اشوک چکراورتی نے بتایا کہ خاتون ڈانسر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جو اپنے شوہر کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچی تھی۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ رات دیر گئے سالگرہ تقریب میں رقم کی ادائیگی کے مسئلہ پر ڈانسرس اور آرگنائزرس کے درمیان بحث و تکرار کے بعد جھگڑا ہوا۔ اور اس دوران آرگنائزر نے بدسلوکی کرتے ہوئے ڈانسر کو مبینہ طور پر مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ جبکہ نیم عریاں ڈانس کرنے اور چاقو سے دھمکانے کے علاوہ خاتون ڈانسرس کو باندھے رکھنے کی اطلاعات کی پولیس نے توثیق نہیں کی۔ اور چار خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے پولیس نے خاطیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔