مودی کی امریکی سینیٹر کی اہلیہ سے معذرت خواہی
ہوسٹن ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ انہوں نے ہاؤڈی ۔ مودی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے امریکہ کو فتح کرلیا جہاں امریکی صدر ٹرمپ بھی ان کے شانہ بشانہ موجود تھے۔ اس موقع پر مودی نے اپنے خطاب کے دوران سینیٹر جان کارنین کی اہلیہ سے بھی معذرت خواہی کی۔ قصہ دراصل یہ تھا کہ جان کارنین کی اہلیہ سینڈی کی سالگرہ تھی اور ایسے موقع پر ان کے شوہر مودی کے ساتھ زبردست پروگرام میں موجود تھے۔ دونوں میاں بیوی 60 سال سے زائد عمر کے ہیں۔ مودی نے سینڈی سے معذرت خواہی کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں اور درازی عمر کی دعا کی اور مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سالگرہ کے موقع پر ان کے شوہر کا میرے ساتھ (مودی) موجود ہونا ان کیلئے (سینڈی) باعثِ حسد ہوسکتا ہے جس کیلئے میں معذرت خواہ ہوں۔ جس وقت مودی یہ جملے ادا کررہے تھے اس وقت سینیٹر جان کارنین ان کے بازو میں ٹھہرے ہوئے مسکرا رہے تھے۔ جان کارنین اور سینڈی کی شادی ہوئے 40 سال گذر چکے ہیں اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔
