سالگرہ کا کیک ‘ موت کی وجہ بن گیا

   

باپ اور 9 سالہ لڑکا کیک کھانے کے بعد فوت ‘ ماں و بہن زیر علاج
سدی پیٹ ( تلنگانہ ) 5 ستمبر ( پی ٹی آئی ) ایک 39 سالہ شخص اور اس کا کم عمر لڑکا آج سالگرہ کا کیک کھانے کے بعد فوت ہوگئے ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ اس کیک میں زہر ملا ہوا تھا ۔ پولیس کے بموجب یہ واقعہ سدی پیٹ ضلع میں آج پیش آیا ۔ اس شخص کی شریک حیات اور دختر نے بھی کیک کھایا تھا اور وہ بیمار ہوگئے ہیں جن کا حیدرآباد کے دو علیحدہ دواخانوں میں علاج چل رہا ہے ۔ اس خاندان نے چہارشنبہ کی رات اپنے 9 سالہ لڑکے کی سالگرہ منائی تھی ۔ پولیس کے بموجب باپ اور بیٹا دوران علاج کسی بہتری کے بغیر ہی فوت ہوگئے جبکہ متوفی شخص کی اہلیہ اور دختر کا دواخانوں میں علاج چل رہا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ متوفی شخص اور اس کے رشتہ کے بھائی کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ اسی رشتہ کے بھائی نے اسے کیک روانہ کیا تھا اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ اس میں زہر ملا ہوا تھا ۔ کیک کے نمونے لیب کیلئے روانہ کردئے گئے ہیں تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ اس میں کوئی زہریلی شئے موجود تھی یا نہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مناسب دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔