سعودی عرب کے مفتی عام الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے جمعہ کے روز اس امر کا اعلان کیا ہے کہ اگر کرونا وائرس کی وبا جاری رہی تو ایسے نماز تراویح اور عید الفطر گھروں ہی میں ادا کی جائے گی۔
کرونا وائرس وبا کے موقع پر رمضان المبارک کی آمد سے متعلق متعدد سوالوں کا جواب دیتے ہوئے الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مذکورہ اعلان کیا۔ یہ سوالات امور اسلامی اور دعوت وارشاد کی وزارت سے پوچھے گئے تھے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ اس سال رمضان المبارک کی تروایح فرزندان توحید گھروں میں ادا کریں کیونکہ متعلقہ حکام نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تراویح مساجد اہتمام کرانے سے معذوری ظاہر کی ہے۔
Breaking: Saudi Grand Mufti on prayers during Ramadan, Eid amid #coronavirus spread #Covid19 https://t.co/GfLglkAi3a
— Gulf News (@gulf_news) April 17, 2020
تاہم عیدالفطر کی نماز گھروں میں ادا کرنے سے متعلق ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ اگر کرونا کے پیش نظر نماز عید کھلی جگہوں اور مساجد میں ادا نہ کی جا سکی تو ایسے میں خطبہ کے بغیر لوگ اسے گھروں میں ادا کریں۔ اس سے قبل بھی اسی حوالے سے ایک فتوی موجود ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی کی نماز عید قضا ہو جائے تو وہ بغیر خطبہ کے اسے گھر پر ادا کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اسلامی امور کی وزارت کے انچارج عبداللطیف آل الشیخ نے گذشتہ ماہ نماز جمعہ اور نماز باجماعت مساجد میں ادا کرنے پر پابندی عاید کی تھی تاکہ مملکت میں کرونا جیسی عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔