حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کو انتباہ : ڈی سی پی ٹریفک رچہ کنڈہ
حیدرآباد : سال نو کے موقع پر حادثات سے پاک تقاریب منانے پولیس رچہ کنڈہ نے خصوصی اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ انچارج ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک رچہ کنڈہ تاج الدین نے اپل چوراہے پر خصوصی مہم کا آغاز کیا ۔ رنگ روڈ پر بیانرس کے ذریعہ حادثات سے پاک تقاریب منانے کی عوام سے اپیل کی گئی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سال نو تقاریب کے خوشگوار انداز میں انعقاد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر تاج الدین نے کہا کہ نیا سال ہر خاندان میں روشنی اور امن و خوشحالی کا موجب رہنا چاہیئے ۔ تاہم شراب کے نشہ میں سڑک پر گاڑی چلانا اور اپنی غلطیوں سے حادثات کا موجب بنتے ہوئے اپنے خاندان کی خود تباہی کا سبب بن رہے ہیں ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ سال نو تقاریب میں مکمل احتیاط سے کام لیں اور ایسی کوئی غلطی و نادانی نہ کریں جس سے کہ ان کو غم و تباہی کا سامنا کرنا پڑے ۔ تاج الدین احمد نے کہا کہ سال نو کے موقع پر حادثات سے پاک دن منانے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے علاوہ تیز رفتار اور ٹریپل رائڈنگ اور کم عمر والے بچوں پر خصوصی نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی رات ہی سے جگہ جگہ تلاشی اور رفتار کو قابو میں رکھنے کیلئے بیاریکڈس نصب کئے جائیں گے اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
