سال نو تقاریب کو حادثات سے پاک بنانے کا عزم

   

ایونٹ آرگنائزرس، بار و ہوٹل مالکین کے ساتھ اجلاس، وی سی سجنار کمشنر سائبرآباد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے سال نو تقاریب کو حادثات سے پاک بنانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ کمشنر پولیس نے اس سلسلہ میں آج بارس، ریسٹونٹس، پبس، کنونشن سنٹرز، ہوٹلس اور ایونٹ آرگنائزرس کا اجلاس طلب کیا اور خوشگوار ماحول میں سال نو کا جشن منانے کیلئے ناخوشگوار واقعات اور حادثات سے پاک جشن کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے۔ سال نو تقریب منعقد کرنے والے آرگنائزرس کو کمشنر پولیس مسٹر وی سی سجنار نے پابند کردیا کہ وہ اپنے احاطہ میں سی سی ٹی وی کیمرے جو ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہوں نصب کریں اور سال نو تقریب کی اجازت کیلئے 10 دن قبل درخواست کو داخل کریں۔ اپنی گنجائش سے زیادہ ٹکٹس کی فروخت نہ کریں اور نہ ہی نابالغ افراد کو شراب کی سربراہی کی جانی چاہئے۔ ہر آرگنائزر کو فائر سیفٹی کے ساتھ ساتھ پارکنگ کا معقول انتظام کرنا ہوگا اور اپنے اپنے احاطہ میں سیکوریٹی عملہ کو مقرر کرنا ہوگا اور شراب اکسائز کی اجازت اور شرائط کے مطابق ہی فروخت کرنا ہوگا اور رات دیر گئے تک اس کی اجازت نہیں رہے گی۔ کمشنر پولیس نے آرگنائزرس کو پابند کردیا کہ وہ اس بات پر خاص توجہ مرکوز کریں گے۔ ان کے احاطہ میں کسی بھی قسم کے منشیات کا استعمال نہ ہو۔ دیگر صورت ذمہ داروں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جشن تقاریب کے سلسلہ میں ٹریفک کی تحدیدات بھی عائد رہیں گے جبکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا پھر ایمرجنسی کیلئے سائبرآباد ٹریفک پولیس کے نمبر 85004-11111 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے جس سے شہریوں کی پریشانی اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا جبکہ اس رات کمشنریٹ کے تمام اہم مقامات پر نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس کی ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم جاری رہے گی۔