سال نو پر تلنگانہ میں صدفیصد خواندگی کیلئے عہد لینے کا مشور ہ

,

   

ہر تعلیمیافتہ فر د ایک ناخواندہ کو خواندہ بنائے، کئی شعبوں میں ریاست کو پہلا مقام : کے سی آر

حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر ( این ایس ایس) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سال نو 2020 ء کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ تاسیس کے چھ سال کے مختصر عرصہ میں تلنگانہ کئی شعبوں میں ترقی کے معاملہ میں ملک بھر میں پہلا مقام حاصل کرچکی ہے جو اس ریاست اور عوام کے لئے باعث فخر ہے ۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تلنگانہ کو مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی ۔ بالخصوص نئے سال میں ریاست تلنگانہ ترقی کے سفر میں مزید منازل طئے کرے گی ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ سال نو کے موقع پر عہد کریں کہ اس ریاست کو صدفیصد خواندہ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر ایک تعلیمیافتہ فرد ایک ناخواندہ فرد کو تعلیم دینے کی ذمہ داری قبول کرے ۔ ناخواندہ کو خواندہ اور غیر تعلیمیافتہ کو تعلیمیافتہ بنانے کے لئے انہوں نے ’ ہر ایک ۔ ایک کو سکھائے ‘ کا نعرہ دیا ۔کے سی آر نے کہا کہ یہ ریاست جو برقی بحران کے سبب تاریکی میں تھی اب فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاست بن گئی ہے ۔ تمام شعبوں کو بلا وقفہ بر قی فراہم کی جارہی ہے اور زرعی شعبہ کو مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ ریاست ایک ایسے مرحلے پر پہونچ گئی ہے جہاں زیادہ سے زیادہ برقی طلب 11703 میگاواٹ ہے اور بلارکاوٹ برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ مشن بھاگیرتا کے ثمرات عوام تک پہونچ رہے ہیں ۔ پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے مسئلہ کی ہمیشہ کے لئے یکسوئی کے ضمن میں تلنگانہ کو ملک کی پہلی ریاست کا مقام حاصل ہوگیا ہے ۔ دیگر ریاستیں بھی مشن بھاگیرتا پر جلد عمل آوری کے خواہشمند ہیں ۔ کے سی آر نے کہا کہ جون 2020 ء تک کالیشورم پراجکٹ کے نتائج برآمد ہوجائیں گے ۔ ریاست مزید زرخیز ہوگی ۔ قحط سالی کا مستقل خاتمہ ہوگا ۔ متعدد فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے معاملے میں تلنگانہ کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہے ۔ اکثر فلاحی اسکیمات سے غریبوں کو پرسکون زندگی گزارنے کی طمانیت حاصل ہوئی ہے ۔ آئی ٹی اور صنعت کے شعبوں میں بھی ہم ترقی کررہے ہیں ۔ ملک بھر میں دیگر کئی ریاستوں سے آگے رہنے کے باوجود ریاست میں تعلیمی پسماندگی برقرار ہے جو تلنگانہ کیلئے ایک بدنما داغ ہے یہ دراصل سابق حکومتوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے ۔ جو سارے عوام کو تعلیم فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے تھے ۔