۔2091 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے
حیدرآباد یکم / جنوری (سیاست نیوز) جشن سال نو کے موقع پر حیدرآباد ‘سائبر آباد اور رچہ کونڈہ کمشنریٹس میں پولیس نے سلامتی کے وسیع انتظامات کئے تھے جسکے نتیجہ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سینکڑوں مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات بشمول حمایت نگر ، جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز ، نارائن گوڑہ ، ملک پیٹ ، سنتوش نگر ، فلک نما اور بہادر پورہ میں جملہ 25 مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑی چلانے والوں کی بریتھ انالائزر کے ذریعہ جانچ کی گئی ۔ اس کارروائی کے دوران حیدرآباد ٹریفک پولیس نے 1235 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں جن میں 186 کار ڈرائیورس ، 52 آٹو رکشا ڈرائیورس اور 997 موٹر سائیکل سوار شامل ہیں ۔ جن افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ان کی گاڑیاں ضبط کرلی گئی اور انہیں کونسلنگ کیلئے ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے اور بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ اسی قسم کی کارروائی میں رچہ کونڈہ پولیس نے علاقہ ایل بی نگر ونستھلی پورم ، ملکاجگری ، اوپل اور کشائی گوڑہ میں کار ڈرائیورس کی جانچ کرتے ہوئے 269 ڈرائیورس کو حالت نشہ میں پایا اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس نے بھی کل رات دیر گئے کارروائی کرتے ہوئے علاقے مادھاپور ، گچی باؤلی ، بالا نگر ، شمس آباد اور دیگر مقامات پر جملہ 587 افراد کو حالت نشہ میں پایا اور ان کی گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں ۔ گزشتہ سال مذکورہ کمشنریٹس میں 2499 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔