سال نو کے موقع پر کیابس ، ٹیکسی اور آٹوز کی بکنگ منسوخ کرنا مہنگا پڑیگا

   

شکایت وصول ہونے پر پولیس متعلقہ گاڑیوں پر 500 روپئے کا ای چالان عائد کریگی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سال نو کے تقریبات کے لیے پولیس نے جو رہنمایانہ خطوط جاری کیے ہیں اس کے مطابق کیابس ، ٹیکسی اور آٹوز چلانے والے ڈرائیورس کو مسافرین کے بکنگ منسوخ کرنا مہنگا پڑے گا ۔ انہیں 500 روپئے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا ۔ پولیس کے جاری کردہ قواعد میں متذکرہ تین اقسام کے گاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یونیفارم زیب تن کریں اور گاڑیوں کے تمام دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں ۔ مسافرین کے بکنگ منسوخ کرنے پر 500 روپئے ای چالان جاری کرنے کا پولیس نے انتباہ دیا ہے ۔ پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں کیابس اور آٹوز کے بکنگ منسوخ کرنے پر 9490617346 اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں 9490617111 فونس پر اس کی شکایت درج کریں ۔ تمام تفصیلات ان فون نمبرات کے واٹس اپ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ پولیس نے اپنے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں بتایا ہے کہ بار ، کلب ، پب میں شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے دوران حادثات پیش آتے ہیں تو گاڑی چلانے والوں کے علاوہ متعلقہ بار ، کلب اور پب کے انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس نے شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔۔ ن