آکلینڈ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا میں سب سے پہلے نیا سال نیوزی لینڈ میں منایا جاتا ہے اور اس کے آغاز کے ساتھ ہی کرکٹ کی پہلا دھماکہ دار مظاہرہ بھی اسی ملک میں دیکھنے کو ملا۔ سال 2019 کا پہلا میچ سوپر اسمیش لیگ میں کینٹربری اور آکلینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ اس مقابلہ میں کینٹربری کے فاسٹ بولر کائل جیمسن نے اپنی کارکردگی سے سبھی کے ہوش اڑا دئے۔ جیمسن نے آکلینڈ کے خلاف ٹی 20 مقابلہ میں چار اوورس میں صرف 7 رن دے کر 6 وکٹ لئے۔ جیمسن کی دھماکہ خیز بولنگ کی بدولت کینٹربری نے پانچ وکٹ سے میچ جیت لیا۔یاد رہے کہ کائل جیمسن ٹی 20 کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کرنے والے کیوی بولر بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے ایش سودھی کے نام یہ ریکارڈ تھا ، جنہوں نے بگ بیش 2017 میں صرف 11 رن دے کر 6 وکٹ لئے تھے۔ دنیا بھر کی بات کریں تو جیمسن کی یہ کارکردگی تیسرے نمبر پر ہے۔ سمرسیٹ کے ارول سوپیا نے 2011 میں پانچ رن دے کر چھ وکٹ لئے تھے۔ وہیں 2013 میں شکیب الحسن نے بارباڈوس کیلئے چھ رن دے کر چھ وکٹ اپنے نام کئے تھے۔ کائل جیمسن نے اپنے پہلے اسپیل میں آکلینڈ کی جانب سے کھیل رہے جیمس ونس ، سین سولیا اور مرک چیپمین کے وکٹ لئے۔ اس کے ساتھ انہوں نے گلین فلپس کو رن آوٹ کرنے میں بھی اہم رول ادا کیا۔ اپنے آخری اسپیل میں جیمسن نے صرف چار گیندوں میں تین وکٹ لئے۔ اس دوران انہوں نے رانی ہیرا ، ول سمرولے اور بین لسٹر کو اپنا شکار بنایا۔ آکلینڈ کی ٹیم 19 اوورس میں 110 رنوں پر سمٹ گئی اور کینٹربری نے یہ ہدف پانچ وکٹ کھوکر 17.4 اوورس میں حاصل کرلیا۔