سال 2021 کے دوران تلنگانہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ

   

سائبر کرائم میں دگنا اضافہ، ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سال 2021 ء کے دوران جرائم کی شرح میں 4.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سائبر کرائمس میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہندر ریڈی نے آج سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جاریہ سال سزاء کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2021 ء میں جملہ 8828 سائبر کرائمس کے مقدمات درج کئے گئے تھے جس میں آن لائن دھوکہ دہی اور جعلسازی سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سزاء کی شرح میں 50.03 فیصد ہے جس میں ایک سزائے موت ، 12 ملزمین کو عمر قید کی سزاء اور دیگر کیسیس میں 83 افراد کو بھی سزاء سنائی گئی ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ سال 2021 ء میں جملہ 180497 کیسیس درج کئے گئے تھے جبکہ سال 2020 ء میں 172469 کیسیس درج کئے گئے تھے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ قتل کی وارداتوں میں بھی اس سال اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں جملہ 838 کیسیس شامل ہے اور محکمہ پولیس کی جانب سے ان کیسیس کا تجزیہ کئے جانے پر گھریلو تنازعات کے باعث 401 اور اراضی تنازعات کے سبب 146 قتل کی وارداتیں رونما ہوئی ہیں ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سال 2021 ء میں سڑک حادثات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے تحت 19248 سڑک حادثات ہوئے ہیں اور ان میں 6690 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ مہندر ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں 8 لاکھ 51 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ان کیمروں کی مدد سے 22.781 کیسیس حل کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی رسپانس مینجمنٹ کے تحت پولیس کو شکایت کرنے پر اندرون 7 منٹ پولیس فورس درخواست گزار کے مقام پر پہنچنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ جبکہ سال 2020 ء میں 8 منٹ میں پولیس ٹیم شکایت کنندگان کے پاس پہنچا کرتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ماؤسٹوں کی سرگرمیاں قابو میں ہے اور سال 2021 ء میں 98 ماؤسٹوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ 133 ماؤسٹ کیڈر نے پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کی ہے ۔ انہوں نے اس بات کو واضح طور پر کہا ہے کہ ماؤسٹوں کی سرگرمیوں کو سختی سے نمٹا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں ان کی سرگرمیاں نہ کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تلنگانہ پولیس نے عوام دوست رویہ اختیار کرتے ہوئے نمایاں رول ادا کیا ہے ۔