سال 2026 کا 17 فبروری کو پہلا سورج گہن

   

نئی دہلی ۔ 15 فبروری (ایجنسیز) ماہرین فلکیات نے کہاہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گہن منگل 17 فروری کو ہوگا تاہم یہ ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں دکھائی نہیں دے گا۔اسپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ گہن انٹارکٹکا میں دور افتادہ حصے میں دکھائی دے گا اور سورج آگ کے ایک گولے کی طرح نظر آئے گا۔ ایسا اس وقت ہو گا جب چاند اپنے بیضوی مدار میں عین سورج کے سامنے آجائے گا۔چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ نہیں پاتا اس لیے سورج کی کرنیں سرخی مائل دکھائی دیں گی اور چاند کا سایہ سورج پر پھیلتا چلا جائے گا اور سورج بھی ایک روشن چاند کی مانند نظارہ پیش کرے گا۔ ماہرین کے مطابق اس وقت آسمان قدرے تاریک ہو جائے گا اور سورج کا بیرونی کنارہ سنہری حلقے کی طرح نظر آئے گا اور یہ منظر انٹارکٹکا کے مختلف حصوں میں دکھائی دے گا اور تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہے گا، اس کے بعد سنہری حلقہ دھیرے دھیرے ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔اسی طرح تیسرے مرحلے میں چاند سورج کے سامنے سے ہٹنا شروع ہو جائے گا اور آخری مرحلے میں مکمل طور پر سامنے سے ہٹ جائے گا۔اگرچہ سورج گہن کا یہ منظر انٹارکٹکا کے چند علاقوں میں دکھائی دے گا تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس کو براہ راست دیکھنا بینائی کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے اس لیے اگر کوئی دیکھنا بھی چاہے تو اس کیلئے خصوصی چشمے یا سولر فلٹر استعمال کرے۔اس کے تقریباً دو ہفتے بعد تین مارچ کو بھی آسمان پر چاند سرخ مائل دکھائی دے گا جس کو بلڈ مون کہا جاتا ہے یہ بھی سال کا پہلا بلڈ مون ہو گا اور شمالی امریکہ، مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں نظر آئے گا۔ ہندوستانی معیاری وقت (IST) کے مطابق گہن 17 فروری کو سہ پہر 3:26 بجے شروع ہوگا اور شام 7:57 بجے ختم ہوگا۔