حکومت سے الیکٹرک کے ٹو وہیلر اور موٹر کاروں کو روڈ ٹیکس سے استثنیٰ
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں سال 2030 تک الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کی تعداد 3000تک ہوجائے گی۔ ریاستی حکومت نے الکٹرک وہیکل کے فروغ کے لئے تیار کی گئی پالیسی 2020-2030 کے تحت 2لاکھ ٹو وہیلر اور 5000 الکٹرک کاروں کو روڈ ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کے فیصلہ کے علاوہ ریڈکو کی جانب سے ریاست بھر میں الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا اور ا س سلسلہ میں اب تک کئے جانے والے اقدامات کے تحت 425الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے اور تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں تاحال 68 ہزار340 الکٹرک وہیکل کی فروخت عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریڈکو کی جانب سے سرکاری اورخانگی چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند ماہ کے دوران موجودہ الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کی تعداد کو دوگنا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ جاریہ سال کے اختتام تک ریاست میں 1000الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ الکٹر وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ ملک بھر میںچوتھے نمبر پر ہے جبکہ ملک کی سرفہرست ریاست جہاں سب سے زیادہ الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جاچکے ہیں وہ دہلی میں ہے جہاں 1845 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں اسی طرح دوسرے نمبر پر ریاست کرناٹک ہے جہاں اب تک جملہ 704 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جاچکے ہیں تیسرے نمبر پر مہاراشٹرا میں 660 چارجنگ اسٹیشن کارکرد ہیں جبکہ تلنگانہ میں 425 چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جاچکے ہیں جہاں کم وقت میں تیز چارجنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ریڈکو کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں سال 2025 تک مجموعی اعتبار سے 3000 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور اس منصوبہ کے تحت ریاست تلنگانہ میں اضلاع کی نشاندہی اور کن اضلاع میں الکٹرک وہیکل کی فروخت زیادہ ہورہی ہے اس کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کردہ پالیسی کے مطابق شہری علاقوں میں ہر 3کیلو میٹر پر الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شاہراہوں پر ہر 25کیلو میٹر پر الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اس سلسلہ میں خانگی اداروں کوبھی ان چارجنگ اسٹیشن کی منظوری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔م