سال 2030 میں ماہ رمضان المبارک دو مرتبہ آئے گا

   

جنوری 2030 میں بھی رمضان ہوگا اور ڈسمبر 2030 میں بھی رمضان شروع ہوگا

حیدرآباد۔17 اپریل (سیاست نیوز) 8 سال بعد یعنی 2030 میں مسلمانو ںکو 2 رمضان المبارک ایک سال کے دوران ملیں گے ۔ سال 2030 کے اوائل میں بھی رمضان ہوگاجبکہ سال کے اواخر میں بھی رمضان المبارک رہے گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق سال 1997 میں یہ صورتحال پیدا ہوئی تھی ۔ 1997 کے اوائل میں جنوری کے دوسرے ہفتہ سے ماہ رمضان کا آغاز ہوا تھا اور عالم عرب میں ڈسمبر 1997 کے آخر یعنی 31ڈسمبر کو ماہ رمضان المبارک شروع ہوچکا تھا لیکن سال 2030کے دوران ڈسمبر کے آخری ایام کے دوران ماہ رمضان المبارک کے دو تا تین روزے ہوجانے کا امکان ہے۔ ہجری سال شمسی سال سے 11 یوم کم ہوتا ہے جس سے سال و ماہ میں والی تفریق کی بنیاد پر تیار کئے گئے کیلنڈر کے مطابق 2030 عیسوی میں دو رمضان ہوں گے۔عربی ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزقاق کا کہناہے کہ شمسی اور ہجری کیلنڈر میں فرق کے سبب ہر 30 سال میں اس طرح کی صورتحال پیدا ہونی چاہئے لیکن ماہ و سال کی ترتیب کے سبب ایسا ممکن نہیں ہوتا ۔ انہو ںنے بتایا کہ سال 2030کی ابتداکے ساتھ یعنی جنوری کے پہلے ہفتہ میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوجائے گا اور ڈسمبر کے اواخر میں بھی ماہ رمضان المبارک جاری رہے گا اس طرح سے سال 2030 میں دو ماہ رمضان المبارک ہوں گے۔ماہرین فلکیات نے شمسی اور ہجری کیلنڈرس میں فرق کے علاوہ ہلال نو کی قیاس آرائیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کا اعلان کیا کہ سال 2030 ماہ رمضان کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ہجری کیلنڈر جو کہ 354یا 355 ایام پر مشتمل ہوتا ہے اور عیسوی ماہ و سال کا کیلنڈر 364 ایام پر مشتمل ہوتا ہے اسی لئے ہجری اور شمسی سال و ماہ کے درمیان ہر سال یہ فرق ہوتا ہے لیکن 30 سال میں ایک مرتبہ ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں کہ شمسی سال کے اوائل میں شروع ہونے والا ہجری مہینہ شمسی کیلنڈر کے آخری ماہ یعنی ڈسمبر کے دوران بھی ابتدائی ہجری مہینہ ہوا کرتا ہے ۔