عآپ کے 3 قائدین کیخلاف مقدمہ
نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی کے صدر سوربھ بھاردواج، ایم ایل اے سنجیو جھا اور عادل احمد خان کے خلاف مبینہ طورپر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے ۔شکایت کے مطابق عآپ قائدین نے 17 ۔ 18 ڈسمبر کو اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کیا تھا۔ اس کلپ میں کناٹ پلیس میں پیش کیے جانے والے سیاسی خاکے کو دکھایا گیا ہے ۔ اس میں مسیحی برادری کی مذہبی اور ثقافتی علامت سانتا کلاز کو مزاحیہ اور مبینہ طور پر توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سانتا کلاز ماسک پہن کر فضائی آلودگی کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے ہیں۔ اس دوران وہ بے ہوش ہوکر گر جاتے ہیں اور اے اے پی لیڈر انہیں اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ سانتا کلاز کو ایک سیاسی پیغام دینے کے لیے استعمال کیا گیا۔ الزام ہے کہ یہ ویڈیو سینٹ نکولس (سانتا کلاز) کی توہین کرتی ہے اور کرسمس کے تہوار کے تقدس کو کم کرتی ہے ۔ پولیس کے مطابق عوامی سطح پر مذہبی علامت کا مذاق اڑانا جرم ہے۔
تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 302 کے تحت جرم ہے ۔ متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔
شکایت کنندہ نے کہا، “میں درخواست کرتا ہوں کہ سوربھ بھاردواج، سنجیو جھا اور عادل احمد خان کے خلاف بی این ایس کی مذکورہ بالا دفعات کے تحت فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے ۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھنے اور ہمارے مذہبی جذبات کو مزید ٹھیس پہنچنے سے روکنے کے لیے مجرموں کو اس قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹا نے کی ہدایات دی جائیں۔”
