کوہیر سرکاری دواخانہ میں طبی امداد نہ ملنے پر عوام کا احتجاج
کوہیر۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل مستقر میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ اطلاعات کے مطابق محمد آصف عمر 24 سال ولد محمد عبدالعزیز موذن کے فرزند محلہ جنیت پور اپنے زرعی کھیت میں کچھ ضروری کام کررہے تھے کہ اچانک ان کو سانپ نے ڈس لیا۔ وہاں سے وہ فوری علاج کیلئے روانہ ہوئے لیکن وہاں پر سرکاری دواخانہ میں ان کو ابتدائی طبی امداد نہیں مل سکی۔ وہ وہاں سے سنگاریڈی گورنمنٹ ہاسپٹل جانے کیلئے تیار ہوئے تھے لیکن وہاں پر ایمبولنس نہ ہونے کی وجہ سے ایک خانگی کار میں جارہے تھے کہ راستہ میں وہ جاں بحق ہوگئے۔ محمد آصف کی موت کے بعد کوہیر کی عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ کوہیر میں تقریباً11.5 کروڑ روپیوں کی لاگت سے ایک عالشیان عمارت تعمیر کی گئی ہے وہاں کوئی دوائیں نہیں اور وقت پر ڈاکٹر نہیں رہتے۔ آج ایک قیمتی جان چلے گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد آصف کی9 ماہ قبل شادی ہوئی تھی اب وہ گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا ۔