سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بم کی دھمکی کے بعد خالی کرایا گیا

   

واشنگٹن: امریکہ میں سان فرانسسکو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بین الاقوامی ٹرمینل کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد جمعہ کوخالی کرانا پڑا۔ خلیج ٹائمز نے ہفتہ کو اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ حکام نے اس سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے ۔ سان فرانسسکو پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق، آدھی رات کے قریب بم کی دھمکی موصول ہوئی اور افسران کو ایک مشکوک پیکج ملا۔ ہوائی اڈے پر تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر دھماکہ خیز ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرمینل کو احتیاط کے طور پر خالی کرالیا گیا تھا اور سینکڑوں مسافروں کو ٹرمینل سے ہٹادیاگیا تھا۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے پولیس کی سرگرمی کی اطلاع دیئے بغیر ٹوئٹر پر رات 9.28 بجے ٹرمینل کو خالی کرنے کا اعلان کیا۔
واقعہ کے بعد ہوائی اڈے کی ایئر ٹرین اور بے ایریا ریپڈ ٹرانزٹ ٹرینوں کو معطل کر دیا گیا۔ ٹرانزٹ ایجنسی کے ایک ٹویٹ کے مطابق ہوائی اڈے کے بارٹ اسٹیشن کو رات 8.42 بجے بند کر دیا گیا تھا۔ مسافروں کولے جانے اورلے آںے کی سہولت ہوائی اڈے کے گھریلو ٹرمینلز تک محدود تھی۔