ساورکرکوملک میں مجاہد آزادی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش

   

فلم کی تیاری کا فیصلہ،رندیپ ہوڈا ساورکر کے رول میں، ستمبر تک تکمیل کا نشانہ
حیدرآباد ۔/30مئی، ( سیاست نیوز) ہندوتوا کے نظریہ ساز ونائیک دامودر ساورکر کو مجاہد آزادی کے روپ میں پیش کرتے ہوئے ان کی سوانح حیات پر مشتمل فلم تیار کی جارہی ہے جس کا ٹائٹل ’’ سواتنترا ویر ساورکر‘‘ رکھا گیا ہے۔ رندیپ ہوڈا اس فلم میں ساورکر کا رول ادا کررہے ہیں۔ رندیپ ہوڈا نے ساورکر کا رول ادا کرنے کیلئے 4 ماہ تک اپنا وزن 26 کیلو تک کم کیا اور روزانہ صرف ایک کھجور اور ایک گلاس دودھ کا استعمال کیا۔ فلم کے پروڈیوسر آنند پنڈت ہیں۔ رندیپ ہوڈا نے صرف ساورکر کا رول ادا نہیں کیا بلکہ فلم کا ڈائرکشن بھی ان ہی کا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ساورکر کا رول ادا کرنے کیلئے اپنا وزن گھٹانے غیر معمولی محنت کی ہے۔’ سواتنترا ویر ساورکر‘ کا ٹیزر آن لائن جاری کیا گیا۔ ساورکر کا رول نبھانا آسان کام نہیں ہے۔ رندیپ ہوڈا کا کہنا ہے کہ میں کئی برسوں سے ساورکر کا غیر معمولی مداح رہا ہوں۔ میرا خیال ہے کہ ساورکر کو سیاست کا نشانہ بنایا گیا ہے اور انہیں ملک میں مناسب مقام نہیں دیا گیا۔ پروڈیوسر آنند پنڈت کے مطابق ایک دن سندیپ سنگھ اپنے ساتھ رندیپ ہوڈا کو لئے میرے آفس پہنچے، دونوں نے کہا کہ وہ ساورکر کی سوانح حیات پر فلم بنانا چاہتے ہیں اور مجھے کوپروڈیوسر کی ذمہ داری کا پیشکش کیا۔ ابتداء میں مجھے کچھ تجسس تھا تاہم جب رندیپ نے تفصیلات بتائیں تو میں کافی متاثر ہوا اور فلم کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔جس وقت وہ آفس پہنچے تھے ان کا وزن 86 کیلو تھا اور چار ماہ میں 26 کیلو وزن گھٹایا گیا۔ ساورکر کی طرح دکھائی دینے کیلئے انہیں بال تراشنے پڑے۔ مہا بلیشور کے قریب ایک گاؤں میں فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ واضح رہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے نئے پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح بھی ساورکر کے یوم پیدائش کے موقع پر کیا ہے۔ پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ فلم کو عوام کی غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوگی اور ساورکر کی زندگی کے بارے میں لوگ جان پائیں گے۔ فلم کو 2 ہزار سے زائد تھیٹرس میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے اور فلم کی تیاری ستمبر تک مکمل ہوجائے گی۔ر