نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے ساورکر پر متنازعہ بیان دینے کے معاملے میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو دی جانے والی عبوری راحت کو جاری رکھتے ہوئے نچلی عدالت کے سمن پر عبوری روک میں اگلی سماعت تک توسیع کردی۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس اے جی مسیح کی بنچ نے راہول گاندھی کی خصوصی رخصت کی درخواست پر یہ حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ چار ہفتے بعد اس کیس کی دوبارہ سماعت کرے گی۔ کانگریس کے سابق صدر نے خصوصی رخصت کی درخواست کے ذریعہ نچلی عدالت کے سمن پر روک لگانے سے انکار کرنے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا ہے ۔ انہوں نے اپنی درخواست میں ساورکر پر اپنے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس پر اپنے خلاف شروع کیے گئے مقدمہ کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ نچلی عدالت اور ہائی کورٹ کے احکامات پر سوال اٹھایا ہے ۔ انہوں نے ایڈوکیٹ پرسنا ایس کے توسط سے دائر کردہ درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ شکایت اور ٹرائل کورٹ (مجسٹریٹ) کا حکم دفعہ 153A اور دفعہ 505 آئی پی سی کے تحت کسی جرم کا انکشاف نہیں کرتا ہے ۔
راہول گاندھی نے جھگی بستیوں کے لوگوں کی بپتا سنی
نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے جمعہ کے روز راجدھانی کے وزیر پور علاقہ کے اشوک وہار میں جھگی بستیوں کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے ) کے ذریعے 500 جھونپڑیوں کو گرائے جانے کے بعد متاثرہ لوگوں کا درد سنا۔راہول گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت غریبی نہیں بلکہ غریبوں کو ختم کرنے میں لگی ہوئی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ڈی ڈی اے نے وزیر پور علاقہ کے اشوک وہار میں غریبوں کی 500 جھونپڑیوں کو منہدم کر کے لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے ۔راہول گاندھی نے آج ان علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ بی جے پی ان کے آنسو پونچھنے کے بجائے انہیں تکلیف دے کر خوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دوران ڈی ڈی اے نے اشوک وہار میں جیلر والا باغ اور وزیر پور علاقے میں 500 سے زیادہ جھونپڑیوں کو منہدم کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے یہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کی شکایتیں سنیں اور ان کا درد بانٹا۔کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر بھی یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا، “دہلی کی بی جے پی حکومت نے اشوک وہار کے جیلر والا باغ اور وزیر پور میں لوگوں کے گھروں کو بلڈوزر سے تباہ کر کے انہیں بے گھر کر دیا، عوامی لیڈر راہول گاندھی نے وہاں پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہوا۔