ساورکر کی اولاد سے نہیں ڈرتے…: دہلی کے نائب وزیر اعلی کا دفاع کرتے ہوئے بولے وزیر اعلٰی ارویند کیجریوال

   

نئی دہلی: ایل جی کی طرف سے ایکسائز پالیسی کی سی بی آئی انکوائری کی سفارش پر ارویند کیجریوال نے کہا کہ منیش سسودیا کو پھنسایا جا رہا ہے۔ یہ کیس سراسر جھوٹا ہے۔ سسودیا ایک ایماندار اور محب وطن آدمی ہیں۔ میں آپ کو پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ منیش جی گرفتار ہونے والے ہیں۔ پریس کانفرنس اور اسمبلی میں اپنی تقریر میں میں نے کہا تھا کہ منیش گرفتار ہونے والے ہیں۔ تین چار ماہ پہلے بتایا تھا۔ میں نے پوچھا کیا معاملہ ہے تو مجھے بتایا گیا کہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ اب ہمارے ملک کے اندر ایک نیا نظام نافذ کیا گیا ہے۔ پہلے یہ طے ہوتا ہے کہ کس شخص کو جیل بھیجنا ہے اور پھر اس کے خلاف من گھڑت جھوٹا مقدمہ بنایا جاتا ہے۔ان لوگوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ہم جیل سے نہیں ڈرتے، یہ محسوس کر چکے ہوں گے۔ تم ساورکر کے بچے ہو جس نے انگریزوں سے معافی مانگی، ہم بھگت سنگھ کے بچے ہیں، بھگت سنگھ کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں، جس نے انگریزوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے خود کو پھانسی پر لٹکا دیا۔ ہم جیل اور پھانسی کے پھندے سے نہیں ڈرتے، ہم کئی بار جیل ہوکر آگئے ہیں۔