لکھنؤ، 5؍ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ریو اولمپکس کی کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والی اور ٹوکیو میں ہندوستان کی تمغہ امید مانی جا رہی خاتون پہلوان ساکشی ملک کو ایشیائی کشتی چمپئن شپ کے لیے ہو رہے ٹرائیلز میں ہفتہ کو دو بار کی عالمی کیڈٹ چمپئن سونم ملک کے ہاتھوں 62 کلوگرام کلاس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ساکشی کو سونم ملک نے خواتین کے 62 کلوگرام وزن کے زمرے میں شکست دی جبکہ 57 کلوگرام کلاس میں عالمی چمپئن شپ کی میڈلسٹ پوجا ڈھاڈا کو انشو ملک نے الٹ پھیر کا شکار بنایا اور ایشیائی کشتی کیلئے ہندستانی کشتی ٹیم کا حصہ بن گئیں۔پہلے راؤنڈ میں دو بڑی پہلوانوں کے خلاف سونم اور انشو نے کمال کا مظاہرہ دکھایا۔ دوسرے راؤنڈ میں سونم نے 4-6 سے پچھڑنے کے بعد مضبوطی سے واپسی کی اور آخری دو سیکنڈ میں مسلسل چار پوائنٹس جیت کر 10-10 کے اسکور کے بعد آخری پوائنٹس کے ساتھ جیت اپنے نام کر لی۔ فائنل راؤنڈ میں سونم نے رادھیکا کے خلاف 4-1 کی آسان جیت کے ساتھ ایشین کشتی کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ پکی کر لی۔57 کلوگرام کلاس کے مقابلے میں انشو نے پوجا اور پھر فائنل راؤنڈ میں مانسی کو شکست دی۔