لکھنؤ،12مارچ(سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کی اناو پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ سچی دانند ہری عرف ساکشی مہاراج نے مبینہ طورپر پارٹی کے ریاستی صدر مہیندر ناتھ پانڈے کو خط لکھ کر دھمکی بھرے انداز میں اسی پارلیمانی حلقے سے ایک بار پھر ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیاہے ۔سوشل میڈیا میں وائرل ہورہا یہ خط 7 مارچ کو لکھا گیا ہے ۔ان کے دستخط والے اس خط میں مہاراج نے علاقے میں نسلی مساوات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرنے والے وہ اکلوتے نمائندے ہیں جبکہ پارلیمانی حلقے میں لودھی ،کہار،نشاد،کشیپ اور ملاح سمیت دیگر طبقوں کے ووٹروں کی تعداد 10لاکھ ہے ۔