ساہا کی رانجی ٹرافی فائنل کیلئے بنگال ٹیم میں واپسی

   

کولکاتہ ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین وردھیمان ساہا کی بنگال ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور وہ ٹرافی کے فائنل میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ امید کی جارہی ہیکہ ساہا کو اوپنر ابھیشیک رمن کے مقام پر شامل کیا جائے گا کیونکہ وہ رنز بنانے کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ ہندوستان کے نمبرایک وکٹ کیپر ایڈن گارڈن میں بنگلہ دیش کے خلاف منعقدہ تاریخی ڈے نائیٹ ٹسٹ کے دوران زخمی ہوئے تھے جس کے بعد ان کی نہ صرف واپسی ہوئی بلکہ دورہ نیوزی لینڈ پر وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ بھی تھے تاہم انہیں دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ ساہا نے بنگال کیلئے آخری مرتبہ 2017-18ء رانجی سیزن میں نمائندگی کی تھی اور انہوں نے چار مقابلوں میں 38.33 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔ سلیکٹروں نے غیرمعروف بیٹسمین سدیپ گھرامی کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے جوکہ زخمی کوشک گھوش کے مقام پر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں غلام مصطفی کو بھی ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے۔