ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پروفیسر حسین الحق کا پٹنہ میں انتقال

   

پٹنہ: ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ پروفیسر حسین الحق، سابق صدر شعبہ اردو، مگدھ یونیورسٹی، بودھ گیا کا پٹنہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں آج صبح تقریباً آٹھ بجے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمرتقریباً 72سال تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔وہ ایک مہلک مرض میں مبتلا تھے ۔ چار دن پہلے طبعیت کی زیادہ خرابی صحت کے سبب انہیں پٹنہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ نماز جنارہ ان کے آبائی وطن سہسرام میں ادا کی جائے گی اور وہیں بعد نماز جمعہ تدفین عمل میں آئے گی۔پروفیسر حسین الحق کی پیدائش 2نومبر 1949کو بہار کے شہر سہسرام میں ایک صوفی گھرانے میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام مولانا حافظ محمد انوارالحق شہودی نازش سہسرامی تھا۔ حسین الحق 2014ء میں مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے صدر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ۔ پروفیسر حسین الحق نے دو سو سے زیادہ کہانیاں اور کتابیں لکھی ہیں۔ اردو ادب میں انہیں اعلی مقام حاصل ہے اور ان کی اعلی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے 2020ء میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔انکی تعلیم مولوی، ایم اے ، ڈبل، پی ایچ ڈی تک ہوئی۔