۔300 کروڑ بجٹ والی یہ فلم 15 کے بجائے 30 اگست کو ریلیز ہوگی
باہوبلی فیم ہیرو پربھاس کی اگلی فلم ’’ساہو‘‘ کا شائقین فلم کو بے صبری سے انتظار ہے۔ اس کے ٹریلر اور گیت نے تو ریلیز کے ساتھ ہی دھوم مچادی۔ اب اس فلم کے مناظر سے متعلق وقفہ وقفہ سے آرہی خبروں نے بھی پربھاس کے چاہنے والوں کو اور بھی بے چین کرکے رکھ دیا ہے۔ اس فلم کے ایکشن سین ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلموں ’’ایوینجرس‘‘ اور ’’ٹرانسفارمر‘‘ جیسی زبردست فلموں کے ایکشن ڈیزائنز کینیبیٹس نے ڈیزائن کئے ہیں۔ بالخصوص فلم کا ایک 8 منٹ کا طویل ایکشن سین تو دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال سکتا ہے جسے فلمانے کے لئے 70 کروڑ روپیوں کے اخراجات آئے ہیں۔ کہا تو یہ بھی جارہا ہے کہ اس فلم کے ایکشن سین روہت شیٹی کی فلموں میں گاڑیاں اڑانے والے سیکوینس کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔ یہاں ہم اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ روہت شیٹی کی فلموں میں جہاں ایک درجن تک کاریں دھماکہ کے ذریعہ ہوا میں اونچائی تک اڑا کر تباہ کی جاتی ہیں وہیں ساہو میں تقریباً 5 ٹرک اور 37 کاریں ایکشن مناظر میں بلاسٹ کے ذریعہ تباہ کی گئیں۔ سجیت کے ڈائرکشن میں بنی اس فلم میں پربھاس کے مقابل شردھا کپور ہیروئین کے رول میں ہیں۔ وہیں دیگر کرداروں میں جیکی شراف، مختار خان، نیل نتن مکیش، مندیرا بیدی، مہیش منجریکر، چنکی پانڈے اور ارون وجئے شامل ہیں۔ فلم کے ڈسٹری بیوشن حقوق پارس فلمز نے حاصل کرلئے ہیں۔ 300 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی یہ فلم ہندی، تلگو اور تمل میں یکساں طور پر 15 اگست کے بجائے 30 اگست کو ریلیز ہونے کی خبر ہے۔ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ حیدرآباد، ممبئی اور ابوظہبی میں کی گئی۔