سبری مالا مندر میں تشدد کے واقعہ کی کیرلا حکومت ذمہ دار : بی جے پی

   

نئی دہلی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے ہفتہ کے روز یہ الزام عائد کیا کہ سبری مالا مندر کے آس پاس تشدد برپا کرنے میں کیرالا کی ایل ڈی ایف حکومت کا ہاتھ ہے جسے اس معاملے سے سنجیدگی سے نمٹنا چاہئے تھا لیکن خود ریاستی حکومت نے تشدد کو ہوا دی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کئی عقیدت مند زخمی ہوئے بلکہ ہلاک بھی ہوئے۔ زعفرانی پارٹی نے یہ بھی کہا کہ سبری مالا معاملہ کا تعلق ہندوؤں سے ہے ناکہ حکمراں جماعت سے۔ سی پی آئی (ایم) کے غنڈہ نے تشدد برپا کیا جس کے لئے انہیں ریاستی حکومت کا مکمل تعاون حاصل تھا۔ سی پی آئی (ایم) کی یہ تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ آر ایس ایس۔ بی جے پی کیڈر کے خلاف تشدد برپا کیا ہے لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ وہ عقیدت مندوں کو بھی نہیں بخش رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت تشدد برپا کرنے کے لئے DYFI اور SDPI کے کیڈرس کا استعمال کررہی ہے۔