نئی دہلی ۔ 3 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وہ مختلف مذہبی مقامات میں خواتین کے خلاف مذہبی امتیاز برتنے کے بارے میں 9 ججوں پر مشتمل دستوری بنچ کی جانب سے فیصلہ کئے جانے والے قانونی مسائل وضع کرے گی ۔ بڑا مسئلہ سبری مالا کیس کے دوران اُبھر آیا ہے ۔اعلیٰ عدالت نے کہاکہ اس کیس میں مختلف فریقوں کے نمائندہ وکلاء عظیم تر مسائل وضع کرنے کے بارے میں متفق نہیں ہوئے ہیں ۔ اتفاق رائے کے بعد اُنہی سوالات پر دستوری بنچ غوروخوض کرے گی اور اپنا فیصلہ سنائے گی ۔ وکلاء کے عدم اتفاق کی وجہہ سے عدالت جمعرات تک سوالات وضع کرے گی ۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی والی دستوری بنچ نے کہاکہ وہ سماعت کے وقت مقررہ کے تعلق سے فریقوں کو مطلع کرے گی اور عدالتی کارروائی آئندہ ہفتے تک شروع ہوجائے گی ۔ عدالت نے بعض سینئر وکلاء بشمول فالی نریمن ، کپل سبل کی پرزور مخالفت کا نوٹ لیا۔