سبری ملا تشدد : بی جے پی ایم پی کے موروثی مکان پر حملہ آر ایس ایس آفس نذر آتش

   

کنور ( کیرالا ) ۔ 5 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام ) : سبری ملا مندر میں حیض کی عمر رکھنی والی دو خواتین کے داخلہ پر تشدد آج بھی جاری رہا ۔ اور بعض نامعلوم افراد نے بی جے پی ایم پی کے موروثی مکان پر ایک دیسی بم پھینکا اور آر ایس ایس آفس کو نذر آتش کردیا گیا ۔ پولیس کے مطابق دو نئے پر تشدد واقعات کا آغاز اس وقت ہوا جب چند نامعلوم افراد نے سی پی آئی ( ایم ) ایم ایل اے اے این شمسی اور کنور ضلع کے سابق سکریٹری پی سی کے مکان پر دیسی بم سے حملہ کردیا ۔ بی جے پی راجیہ سبھا ایم پی وی مرلیدھرن کے موروثی مکان پر ہفتہ کی صبح میں بم پھینکا گیا ۔ لیکن اس واقعہ میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا ۔ مرلیدھرن نے آندھرا پردیش سے فون پر بتایا کہ جس وقت مکان پر حملہ ہوا اس وقت ان کی بہن ، بہنوائی اور ان کی لڑکیاں گھر پر موجود تھیں ۔ ایک اور واقعہ میں نامعلوم افراد نے پریارم علاقہ میں آر ایس ایس آفس کو نذر آتش کردیا ۔ اب تک کہ پرتشدد واقعات میں جملہ 1700 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔۔