سبری ملا مندر میں سری لنکا کی خاتون کے داخلہ پر اُلجھن

   

سبری ملا (کیرالا) 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کو لارڈ ایپا مندر سبری ملا میں 46 سالہ سری لنکن خاتون ششی کلا کے داخلہ پر متضاد اطلاعات ہیں کیوں کہ خاتون کے بیان کے مطابق وہ داخل نہیں ہوئی جبکہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خاتون نے مندر میں داخل ہوکر درشن کئے۔ ششی کلا کے بیان کے مطابق اُس کو مندر کے درشن سے پولیس نے روک دیا اور وہ واپس ہوگئی جبکہ اُس کے شوہر سراونن اور بیٹے نے مندر میں داخل ہوکر درشن کئے۔ گزشتہ رات بعض ٹیلی ویژن چیانلس نے ایک خاتون کو سر پر چڑھاوا اُٹھائے دو سادہ لباس میں پولیس والوں کے ساتھ مندر میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا۔ میڈیا کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے پولیس والے بھاگ کھڑے ہوئے۔ ششی کلا نے کہاکہ اُس کو مراکوٹم پر پولیس نے اندر داخل ہونے سے روک دیا حالانکہ عقیدت مندوں نے کوئی احتجاج نہیں کیا لیکن پولیس نے اُس کے داخلہ کو روک دیا۔ پامبا میں آمد کے بعد ششی کلا نے بیان دیا کہ اُس کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن اُس کے باوجود وہ کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہے۔