سبزیوں کی کاشت سے کسانوں کو خاطر خواہ منافع ممکن

   

خاتون کا شت کاروں میں شعور بیداری پروگرام :ضلع کلکٹرہری چندنا

نارائن پیٹ: سبزیوں کی کاشت سے خاطر خواہ منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہری چندنا آئی اے ایس ضلع کلکٹر نارائن پیٹ نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں خاتون کاشت کاروں کے ایک شعور بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت، خاتون کاشت کار جو سبزیوں کے باغات کاشت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ سبسڈی کی بنیاد پر انہیں قرض کے علاوہ تخم کی سربراہی بھی عمل میں لائے گی۔ ضلع میں بہت سی خواتین ایسی ہیں جو اپنے کھیتوں میں سبزیاں اُگاننے کا ارادہ رکھتی ہیں، تاہم ان کی شناخت کرتے ہوئے حکومت کی اسکیموں سے استفادہ کیلئے انہیں آمادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز میں ورکرس کو سبزیوں کی کاشت کرتے ہوئے تغذیہ بخش غذا طلبہ کو فراہم کرنا چاہئے۔ دوپہر کے کھانے کے نظام میں غذائیت سے بھرپور ترکاریوں سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے تاکہ بچوں کو صحت مند اور تغذیہ بخش غذا فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے سبزیوں کی کاشت کو کھاد کے استعمال کے بغیر اُگانے کا مشورہ دیا۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ خاتون کاشت کاروں کو شیڈ فراہم کئے جارہے ہیں۔ اس فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خاتون کاشت کاروں کو مشورہ دیا کہ ضلعی زراعت عہدیداروں سے وقتاً فوقتاً ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلے میں حکومت کی نئی وضع کردہ اسکیموں سے واقف کرتے رہیں۔ اس موقع پر ضلعی زراعت آفیسر جان سدھاکر، ڈاکٹر رنگاراؤ، کے جی کرشنا مورتی، خاتون کسان و دیگر موجود تھے۔