سبسیڈی رقم میں اضافہ کیلئے کے کویتا سے نمائندگی

   


نظام آباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ضلع جمعیۃ علماء نظام آباد حافظ محمد لئیق خان نے ایم ایل سی نظام آباد کے کویتا سے راجیو گاندھی آڈیٹوریم پر منعقدہ پروگرام میں ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری نمائندگی حوالے کی جس میں ریاست تلنگانہ کے مسلم اقلیت کو اقلیتی مالیتی کارپوریشن کی جانب سے دیئے جانے والے قرضہ جات کی جملہ رقم 50 کروڑ سے بڑھانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے مسلم اقلیت کے ہزاروں خاندان سطح غربت سے نیچے زندگی گذر بسر کررہے ہیں۔4 سالہ عرصہ کے بعد حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے سبسیڈی قرضہ جات کی جملہ رقم ناکافی ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے نظام آباد حلقہ اسمبلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اعداد وشمار کے مطابق 50 کروڑ کی رقم سے نظام آباد اربن کیلئے صرف 49تا50 افراد کو ہی قرض دیاجاسکتا ہے جو مسلم اقلیت کی آبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہے۔ انہوں نے ایم ایل سی کے کویتا سے خواہش کی کہ صرف نظام آباد اربن کیلئے سبسیڈی قرضہ جات کی رقم 10 کروڑ روپئے مختص کی جائے تاکہ غریب مسلم لڑکے ولڑکیاں جو روزگار سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں انہیں قرضہ جات حاصل ہوسکیں۔ ایم ایل سی کے کویتا نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں وہ حکومت سے نمائندگی کریں گی۔ اس موقع پر حافظ عبدالحکیم، مولانا غلام رسول قاسمی جنرل سکریٹری ضلع جمعیۃ علماء، حافظ اشرف علی، مولانا عبدالعلیم اشاعتی ودیگر موجو دتھے۔