سبکدوشی کے بعد سماجی خدمت کیلئے وقف ہوجائیں

   

نارائن پیٹ میں پولیس عہدیداروں کی وداعی تقریب سے ایس پی ڈاکٹر ایم چیتنا کا خطاب

نارائن پیٹ۔ ملازمت میں ہر ایک کو کبھی نہ کبھی اپنی خدمات سے ایک دن سبکدوش ہونا پڑتا ہے تاہم سبکدوشی کے بعد گمنامی کی زندگی گذارنے کے بجائے اپنے آپ کو سماج کی خدمت کے لئے وقف کرتے ہوئے سماج کے کمزور طبقات کی مدد کرنا چاہیئے۔ ضلع پولیس ہیڈکوارٹر ، ایس پی آفس میں ایس پی نارائن پیٹ ڈاکٹر ایم چیتنا ( آئی پی ایس ) نے ایس آئی کے عہدہ سے سبکدوش ہونے والے جئے شنکر کی وداعی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی نوکری بڑی سخت اور صبر آزما ہوتی ہے ، پولیس اہلکار اپنے بیوی بچوں سے دور رہ کر بڑی ہمت و حوصلہ کے ساتھ غیر سماجی عناصر اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار وہ اپنی قیمتی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ایسے پولیس جوانوں کو میں سلام کرتی ہوں۔ جئے شنکر نے 1983ء میں کانسٹبل کی حیثیت سے خدمات کا آغاز کیا۔ 1989 میں سیول کانسٹبل اور پھر ہیڈ کانسٹبل بنائے گئے۔ 2014 میں ایس آئی کے امتحانات میں متحدہ ضلع میں ٹاپر رہے اور اور 8 سے زائد پولیس اسٹیشنوں میں ایس آئی کے طور پر نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد30 نومبر 2020 کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے۔ ضلع ایس پی نے ان کی سبکدوشی پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں پھول اور شال پوشی کے ذریعہ خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر آر آئی کرشنیا، ایس بی ایس آئی مدھوسدن و دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔