سبھاش گھئی 81 برس کے ہوگئے

   

ممبئی۔ 24 جنوری (یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور و معروف فلم ساز سبھاش گھئی آج 81 برس کے ہوگئے ۔ سبھاش گھئی 24 جنوری 1945 کو ناگپور میں پیدا ہوئے ۔ سبھاش بچپن ہی سے فلموں میں کام کرنے کا خواب دیکھا کرتے تھے ۔ اپنے اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انہوں نے پنے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے تربیت حاصل کی اور پھر ممبئی آ گئے ۔ اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں انہوں نے چند فلموں میں اداکاری بھی کی، لیکن ایک اداکار کے طور پر وہ اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ بطور ہدایت کار سبھاش گھئی نے اپنے کریئر کا آغاز 1976 میں ریلیز ہوئی فلم ’کالی چرن‘ سے کیا، جس میں شتروگھن سنہا نے دوہرا کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔1982 میں سبھاش گھئی نے اپنی پروڈکشن کمپنی مکتا آرٹس کی بنیاد رکھی، جس کے بینر تلے انہوں نے 1983 میں فلم ’ہیرو‘ بنائی ۔ اس فلم کے ذریعہ سبھاش گھئی نے فلم انڈسٹری کو جیکی شروف اور میناکشی شیشادری کی صورت میں نئے سوپر اسٹار دیے ۔ ان کی دیگر فلموں میں قرض، سوداگر، ودھاتا، کھلنائک، تال اور پردیس شامل ہیں۔